اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صیہونی حکومت کے وزیر جنگ نے کہا ہے کہ حزب اللہ لبنان کے ساتھ اس کی حالیہ کشیدگی کا نتیجہ جنگ کی صورت اختیار نہیں کرےگا۔صیہونی وزیر جنگ موشے يعلون نے آئی-24 نیوز سے بات کرتے ہوئے شام کے قنیطرہ علاقے میں حزب اللہ کے ایک کاروان پر صیہونی حکومت کے راکٹ حملے پر، حزب اللہ کے رد عمل کے سلسلے میں کہا کہ اسرائیل کو امید ہے کہ حالیہ کشیدگی جنگ کا سبب نہیں بنے گی لیکن اس کے باوجود ہم ہر ممکنہ رد عمل کے لئے تیار ہیں۔در ایں اثنا صیہونی حکومت کے فوجی سربراہ بینی گانٹز نے بھی حزب اللہ لبنان کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے بارے میں کہا کہ اسرائیلی فوجی تیار ہیں اور ہم حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ حزب اللہ لبنان کے سکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے صیہونیوں سے اپنے لئے پناہ گاہ تیار کرنے کو کہا ہے جبکہ حزب اللہ لبنان کی سیاسی کونسل کے نائب سربراہ محمود قماطي نے بیروت میں العالم ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونیوں کے اس جرم کا جواب انہیں پشیمانی پر مجبور کر دے گا۔
.......
/169